۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
افغانستان دھماکہ

حوزہ/ کابل میں تعلیمی ادارے پر خودکش حملے میں ۳۲ افراد جاں بحق ہوگئے جن میں اکثریت طلباء کی ہے جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،کابل/ افغان دارالحکومت ایک مرتبہ پھر خوفناک دھماکے سے لرز اٹھا، تعلیمی ادارے پر خودکش حملے میں ۳۲ افراد جاں بحق ہوگئے جن میں اکثریت طلباء کی ہے جب کہ ۴۰ سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

میڈیا کے مطابق،خودکش دھماکا افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ہزارہ اکثریتی علاقے دشت برچی میں تعلیمی ادارے کے باہر ہوا جہاں داخلہ ٹیسٹ جاری تھے اور وہاں 600 سے زائد طلبا موجود تھے۔

کابل پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دھماکے کی زد میں آکر اب تک ۳۲ طلباء شہید ہوچکے ہیں جن میں اکثریت طالبات کی ہے جب کہ ۴۰ زخمی ہیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ زیادہ تر زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ تاحال کسی بھی دہشت گرد گروپ نے خودکش دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی تاہم ماضی میں ہزارہ برادی پر ہونے والے اکثر حملوں کی ذمہ داری داعش اور دیگر دہشت گرد تنظیموں نے قبول کی تھی۔

خیال رہے کہ اس علاقے کے تعلیمی مراکز شدت پسندوں کے حملوں کی زد میں رہے ہیں۔ گزشتہ برس طالبان کے اقتدار سنبھالنے سے کچھ روز قبل بھی اسی علاقے کے ایک اسکول کے قریب 3 بم دھماکوں میں 85 افراد جاں بحق اور 300 زخمی ہو گئے تھے اور اس کے ایک سال بعد دشت برچی میں ہی ایک تعلیمی مرکز میں خود کش حملے میں ۳۲طلباء جاں بحق ہوگئے تھے۔

ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے ٹوئٹر پر درس گاہ پر خود کش دھماکے کی پر زور مذمت کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرنے کا عندیہ دیا ہے اور لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ان میں سے پہلے حملے کی ذمہ داری کسی گروپ نے قبول نہیں کی تھی تاہم دوسرے حملے کی ذمے داری داعش نے قبول کی تھی۔

واضح رہے کہ 2021 میں طالبان نے اقتدار سنبھالنے کے بعد افغان عوام کی حفاظت یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا تھا تاہم گزشتہ کچھ مہینوں میں تواتر سے مساجد اور شہری علاقوں میں دھماکے ہوئے ہیں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .